حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،سرینگر/ ادارہ امداد امام خمینی گنڈ حسی بٹ سرینگر نے افغانستان میں نہتّے نمازیوں کو شہید کئے جانے پر انتہائی غم و غصّے کا اظہار کیا ہے۔اخبارات کے نام جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ادارے کی جانب سے اس سلسلے میں ایک احتجاجی تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ادارے کے سربراہ مولانا شیخ نذیر احمد حلمی نے کی ۔
اجلاس میں شہدائے مسجد افغانستان کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔اجلاس میں کہا گیا کہ آج ایک بار پھر ابن ملجم ملعون نے جنم لیا اور بے گناہ نمازگزاروں کے خون سے مسجد کے درو دیوار کو رنگین کرکے اسلام اور انسانیت کو شرمسار کیا۔
مقررین نے صاحب دل رکھنے والے انصاف پسند عوام سے اس عظیم سانحہ پر احتجاج کرنے کی تلقین کی تاکہ افغانستان کی حکومت اس طرح کے قتل عام کو روکنے کی خاطر اقدامات کرے۔